ہاوسنگ سوسائٹی (غوری ٹاون) کے مالک چودھری عثمان پر دریائے کورنگ کو تنگ کرنے اور ہزاروں درخت کاٹنے کے مقدمے میں 3 سال قید کی سزا کے خلاف اپیل پر سیشن کورٹ پیر کے روز قابل سماعت ہونے پر فیصلہ کرے گی۔ ہفتے کے روز ایڈیشنل سیشن جج محمد اویس نے ہاوسنگ سوسائٹی غوری ٹاون کے مالک چودھری عثمان کی 3 سال قید، ڈیڑھ ارب روپے جرمانے اور ایک ارب روپے کے پودے لگانے کی سزا کے خلاف سیشن کورٹ میں دائر اپیل پر سماعت کی۔ سینئیر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے سردار آصف کی جانب سے سنائی جانے والی سزا کیخلاف اپیل پر سزا پانے والے چودھری عثمان کے وکیل نے دلائل دیے کہ سزا خلاف قانون ہے سزا معطل کرکے چودھری عثمان کو رہا کیا جائے۔ دوسری جانب سی ڈی اے ماحولیات کے وکیل حسنین حیدر تھہیم ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ قدرتی ماحول تباہ کرنے پر ہاؤسنگ سوسائٹی کےمالک کو سنائی گئی سزا خصوصی قانون کے تحت سنائی گئی لہذا سیشن کورٹ میں اپیل قابل سماعت نہیں عدالت اپیل کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرے۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد اویس نے ہاوسنگ سوسائٹی کے مالک چودھری عثمان کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت پیر تک ملتوی کردی سینئیر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے سردار آصف نےقدرتی ماحول تباہ کرنے پر ہاؤسنگ سوسائٹی کےمالک کو سزا سنائی تھی اور مجرم کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر کے فوری جیل بھیج دیا تھا۔ ہاوسنگ سوسائٹی کےمالک پر زرعی علاقے میں تباہی مچا کر ماحول کو 3 ارب کا نقصان پہنچانے کا الزام تھا سی ڈی اے کے شعبہ ماحولیات نے ہاوسنگ سوسائٹی کے مالک کیخلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔۔۔
0 Comments