ملک میں مون سون بارشیں جاری ہیں، لاہور میں صبح سویرے بادل برس پڑے، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
راولپنڈی، جہلم، شیخوپورہ سمیت دیگر شہر بھی بھیگ گئے، شرقپور اور ظفروال میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ گلیاں اور سڑکیں تالاب بن گئیں۔
ہزارہ ڈویژن، پشاور اور جنوبی اضلاع میں بارش کی پیشگوئی، پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
کراچی میں آج بارش متوقع ہے، شہر میں گزشتہ بارش کا پانی اور کیچڑ تاحال موجود ہے، گزشتہ روز ہاکس بے پر سمندر میں ڈوبنے والے تین نوجوانون کی لاشیں نکال لی گئیں، ایک کی تلاش جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کررکھی ہے۔ پشاور، دیر، سوات، کوئٹہ، سیالکوٹ، لاہور سمیت بعض مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ گلیات، کشمیراور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے مسافروں اور سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ موسمی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے سفر کریں۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا میں تخت بھائی کے مقام پر 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
0 Comments