اسلام آباد شہری نے موٹرسائیکل چور پکڑلیا،کریڈٹ لینے کے چکر میں دو تھانوں کی پولیس میں تلخ کلامی

Breaking News

6/recent/ticker-posts

اسلام آباد شہری نے موٹرسائیکل چور پکڑلیا،کریڈٹ لینے کے چکر میں دو تھانوں کی پولیس میں تلخ کلامی

اسلام آباد شہری نے موٹرسائیکل چور پکڑلیا،کریڈٹ لینے کے چکر میں دو تھانوں کی پولیس میں تلخ کلامی


اسلام آباد(شبیرسہام سے)
تھانہ کرپا کی حدود علی پورلہتراڑ روڈ سے چوری ہونے والا موٹرسائیکل واقعہ کے چوبیس گھنٹوں کے اندر شہری نے اپنی مدد آپ کے تحت نہ صرف ڈھونڈ نکالا بلکہ چور کو بھی پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ موٹرسائیکل چوری کا مقدمہ درج کرانے کے لئے شہری کو کئی گھنٹے تک تھانے میں خوار کرنے والی تھانہ کرپا پولیس کو جب پتہ چلا کہ موٹرسائیکل ہمراہ چور پکڑا جاچکا ہے تو وہ کریڈٹ لینے کے لئے فوری موقع پر پہنچ گئی۔تاہم موٹرسائیکل اور چور کی گرفتاری کا واقعہ تھانہ شہزادٹاؤن کی حدود میں پیش آنے کی وجہ سے شہزادٹاؤن پولیس تھانہ کرپا پولیس سے پہلے پہنچ گئی۔ جس پر دونوں تھانوں کی پولیس مسروقہ موٹرسائیکل اور ملزم کی حوالگی کے معاملے پر ایک دوسرے سے تلخ کلامی پر اتر آئے۔بعدازاں شہزاد ٹاؤن پولیس نے مسروقہ موٹرسائیکل اورچور کو تھانے منتقل کردیا۔معلوم ہواہے کہ 18ستمبر2022ء کی شام سات بجے نوگزی جگیوٹ اسلام آباد کے رہائشی محمد ظہیرخان نامی شہری کا سیونٹی سی سی موٹرسائیکل نمبر2636آر آئی این علی پورلہتراڑ روڈ پر واقع تھری سٹار ڈالر شاپ کی پارکنگ سے چوری ہوا۔واقعہ کی فوری اطلاع ون فائیو پر دی گئی۔جس کے بعد متاثرہ شہری نے تھانہ کرپا جاکرڈیوٹی آفیسر اے ایس آئی ارشد بھٹی کو واقعہ سے آگاہ کرتے ہوئے اندراج مقدمے کے لئے تحریری درخواست دی۔تاہم رات گئے تک شہری کو تھانے میں ہی بٹھائے رکھا گیا لیکن ایف آئی آر درج نہ کی گئی۔اگلے روز 19 ستمبر کو دن کے وقت متاثرہ شہری محمد ظہیرخان نے اپنا چوری شدہ موٹرسائیکل تھانہ شہزادٹاؤن کی حدود جبی جگیوٹ روڈپر دیکھ کر پیچھا کیا۔جیسے ہی موٹرسائیکل سوار نے بائیک موٹرسائیکل ورکشاپ پر روکی تو اسے وہیں دھرلیا۔موٹرسائیکل کی اگلی اور پچھلی دونوں نمبر پلیٹس اتری ہوئی تھیں۔موٹرسائیکل کے ہمراہ پکڑے جانے والے شخص کی شناخت اثبات احمد ولد نشاط احمد ساکن علی پور بٹالہ کے نام سے ہوئی۔جو موٹرسائیکل کی ٹینکی ٹاپے تبدیل کرنے ورکشاپ پر آیا تھا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزم کا کہنا تھاکہ یہ موٹرسائیکل اس نے کسی سے تین ہزار روپے بیعانہ دے کر لیا ہے جبکہ باقی رقم بعدمیں دینی تھی۔تاہم واقعہ کی اطلاع پر پولیس تھانہ شہزادٹاؤن موقع پر پہنچ گئی اور مسروقہ موٹرسائیکل ہمراہ سوار کو تھانے منتقل کرکے تفتیش شروع کردی۔اسی دوران اطلاع ملنے پر تھانہ کرپا میں تعینات اے ایس آئی ارشد بھٹی بھی تھانہ شہزادٹاؤن پہنچ گیا اور موٹرسائیکل و ملزم کو ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔جس پر شہزادٹاؤن پولیس نے انکار کردیا۔یوں دونوں تھانوں کے تفتیشی افسران کے مابین توتکار ہوگئی اورکرپا کا تفتیشی آفیسر کو ناکام واپس لوٹنا پڑا۔بعدازاں تھانہ کرپا پولیس نے موٹرسائیکل چوری کا مقدمہ نمبر63/22 بجرم 381A درج کرلیا۔ایس ایچ او تھانہ شہزادٹاؤن سب انسپکٹر نوازش علی خان نے رابطے پر بتایاکہ موٹرسائیکل چور کے خلاف چوری شدہ موٹرسائیکل کی برآمدگی کا مقدمہ درج کردیا گیا ہے اور واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔

Post a Comment

0 Comments