9مئی واقعات، لیفٹیننٹ جنرل سمیت 3فوجی افسران نوکری سے فارغ ،15 کیخلاف کارروائی مکمل
منصوبہ بندی کے تحت فوجی تنصیبات پر حملہ کرایا گیا، 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار پیچھے نہیں چھپ سکتے، جھوٹ کی کرنسی ختم کریں، سچ کڑوابھی ہو تو بولیں۔فوجی ترجمان
ترجمان پاک افواج میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ مذموم سیاسی مقاصد کے لیے افواج کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ تین افسران بشمول لیفٹیننٹ جنرل کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے، 15 افسران بشمول میجر جنرل اور بریگیڈیئرز کے خلاف تحقیقاتی کارروائی کی جا چکی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی کا سانحہ پاکستان کیخلاف سازش تھی، سازش گزشتہ کئی ماہ سے چل رہی تھی، لوگوں کے جذبات کو ابھارا گیا، ذہن سازی کی گئی، اب تک کی تحقیقات میں بہت سارے شواہد ملے ہیں، نو مئی واقعات پر افواج میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے، روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردو کی سرکوبی کی جا رہی ہے، مضبوط سیاسی مقاصد کے لیے افواج کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اپنے عظیم جوانوں کے جنازوں کو کندھا دے رہی ہے، وہ لوگ جنھوں نے گھنانونے عمل میں حصہ ڈالا قانون کے کٹہرے میں کب لائے جائیں گی۔ شہدا کے ورثا آرمی چیف سے بار بار سوال کررہے ہیں۔ وہ سوال کررہے ہیں کہ کیا وہ شہدا کی حرمت کا مستقبل میں تحفظ کرسکیں گے؟ ہم سب سے سوال ہورہا ہے شہدا کی ایسی بے حرمتی ہونی ہے تو ملک کیلئے جان قربان کرنے کی کیا ضرورت ؟
0 Comments