لاہور(نظام عدل نیوز) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین کے بچوں کی ملک کے اعلی تعلیمی اداروں میں تعلیم و تربیت پنجاب پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے اس لئے ویلفیئر فنڈ سے پولیس ملازمین کے بچوں کے گذشتہ برسوں کے تمام زیر التواء تعلیمی سکالرشپس کے تمام کیسز نمٹائے جا چکے ہیں جبکہ کانسٹیبلری، دفتری عملے اور شہداء کے بچوں کیلئے فارن سکالرشپ کا آغاز بھی کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس اپنے ویلفیئر فنڈ کو فورس کے بچوں کی تعلیم پر پہلے سے زیادہ خرچ کررہی ہے اور مستقبل میں اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم اور ویمن امپاورمنٹ کے حوالے سے اے ایس آئی ذوالقرنین حیدر کے ساتھ خصوصی ویڈیو پیغام میں کہاکہ اے ایس آئی ذوالقرنین حیدر نے مشکل ڈیوٹی اور سخت معاشی حالات کو بچوں کی تعلیم کے آڑے نہ آنے دیا۔آئی جی پنجاب نے سخت محنت و لگن سے پانچ بیٹیوں کو ڈاکٹر اور دیگر اعلی ڈگریاں دلوانے والے اے ایس آئی ذوالقرنین حیدر اور اسکے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ذوالقرنین حیدر کی بڑی بیٹی نے ایم بی بی ایس کرکے والدین کے خواب کو پورا کیا، دیگر بیٹیاں میڈیکل، انجینئرنگ یونیورسٹی سے اعلی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، پانچ بہنوں کا سب سے چھوٹا بھائی پری میڈیکل میں ایف ایس سی کر رہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ ذوالقرنین حیدر جیسے اہلکار اپنے عزم و ہمت سے پوری فورس کیلئے روشن مثال ہیں۔ آئی جی پنجاب نے اے ایس آئی ذوالقرنین کی اہلیہ اور والد کو بھی انکے عزم و ہمت پر سلام و خراج تحسین پیش کیا۔
آئی جی پنجاب نے فورس سے مخاطب ہوتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام فورس اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں، اس ضمن میں محکمہ ہر ممکن تعاون کر رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس وسائل سے حاصل آمدن کو فورس کی فلاح و بہبود کیلئے بہتر انداز میں خرچ کیا جارہا ہے اور پنجاب پولیس ویلفیئر فنڈ سے ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سکالرشپس فراہم کئے جارہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فورس کی ویلفیئر پر پہلے سے زیادہ خرچ کریں گے، ملازمین بچوں کی تعلیم کیلئے اپنی ذمہ داری کو پورا کریں۔ آئی جی پنجاب نے مزیدکہاکہ ان تمام اقدامات کے بدلے میں محکمہ صرف فرائض کی بہترین ادائیگی کا متقاضی ہے، آگے بڑھ کر ظالم کا ہاتھ روکیں اور مظلوم شہریوں کو تحفظ فراہم کریں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ملازمین کے بچوں کی تعلیم میں محکمہ اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔
0 Comments