30اپریل2024
راولپنڈی (نظام عدل نیوز )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی فیصل رشید نے تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے استقبال کے لئے موٹر وے چوک بلاک کرکے کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمہ میں نامزدوزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت میں 15مئی تک توسیع کر دی ہے عدالت نے مقدمہ کی کاروائی ملزم کی جانب سے حاضری استثنیٰ کی درخواست پر ملتوی کی گزشتہ روز سماعت کے موقع پر علی امین گنڈا پور کے وکیل ملک محمدفیصل ایڈووکیٹ نے عدالت میں دی گئی تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا کہ علی امین گنڈا پور سرکاری مصروفیات کی وجہ سے عدالت حاضر ہونے سے قاصر ہیں جس وجہ سے حاضری معافی مقصود ہے عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت15مئی تک ملتوی کر دی یاد رہے کہ تھانہ نصیر آباد پولیس نے گزشتہ سال19مارچ کو تعزیرات پاکستان کی دفعات188، 341، 148، 149اور186کے تحت مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ 18مارچ کو تحریک انصاف کے سابق چیئرمین کی اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پیشی کے موقع پر پنجاب حکومت نے امن و امان کے خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر رکھی تھی اس دوران تحریک انصاف کے مقامی قائدین غلام سرور خان، عارف عباسی، واثق قیوم عباسی، عمر تنویر بٹ، فیاض الحسن چوہان، چوہدری افضل پڑیال، عمار صدیق خان، راجہ بشارت، چوہدری جاوید کوثر، فرخ محمود سیال، علی امین گنڈاپور اور سیمابیہ طاہرڈنڈوں اور سوٹوں سے مسلح 150/200کارکنان کے ہمراہ سابق چیئرمین کے استقبال کے لئے موٹر وے ٹول پلازہ پر جمع ہو گئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی شروع کر دی روڈ کو بلاک کر دیا اور خلاف قانون مجمع کی شکل اختیار کر لی جن کو دفعہ 144کے نفاذ سے متعلق بتایا اور روڈ بلاک کرنے سے منع کیا لیکن وہ مشتعل ہو گئے اور کار سرکار میں مداخلت شروع کر دی اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کافی دیر روڈ بلاک رکھا عدالت نے اس مقدمہ میں 16اپریل کو50ہزار روپے کے مچلکوں اور ایک شورٹی بانڈ پر علی امین گنڈا پور کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
0 Comments