01مئی2024
راولپنڈی(نظام عدل نیوز ) شکاگو کے مزدوروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم مزدور انتہائی جوش وجذبے سے منایا گیا ملک کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی اس ضمن میں مختلف مزدور تنظیموں کی جانب سے شہر بھر میں جلسے، جلوس، ریلیاں اورسیمینار منعقد کئے گئے جس میں شکاگو کے شہید مزدوروں کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کااعادہ کیا گیا کہ مزدور کے حالات بہتر ہونے تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور ملک بھر کے مزدورمتحد ہو کر ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھیں گے مزدور رہنماؤں نے مطالبہ کیاکہ سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ پر صدارتی آرڈی نینس جاری کر کے 4لاکھ سے زائد متاثرہ خاندانوں کو ان کا حق دیا جائے صوبوں میں لیبر انسپکشن کا نظام بحال کیا جائے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مزدوروں کی کم از کم اجرت میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے،سٹیل مل، آئیسکو اور دیگر بجلی کمپنیوں اور قومی اداروں کی نجکاری کا ملک دشمن منصوبہ ترک کیا جائے، ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور پٹرولیم مصنوعات، چینی، آٹا، گھی،چاول،دالیں، سبزیاں اور دیگر اشیائے صرف کی قیمتیں کم کرنے کا انتخابی وعدہ پورا کیا جائے مزدوروں کے عالمی دن کی مناسبت سے اٹک آئل ریفائنری راولپنڈی میں منعقدہ تقریب میں رکن قومی اسمبلی وچیئرمین ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی راولپنڈی قمر الاسلام، رکن صوبائی اسمبلی عمران الیاس، ڈائریکٹر لیبر راولپنڈی سمیع اللہ خان، پاکستان ورکرزفیڈریشن کے چیئرمین ظہور اعوان، اٹک ائل ریفائنری یونین کے صدر حمید جدون سمیت ضلع راولپنڈی کے مختلف مزدور تنظیموں کے صدور اور محنت کشوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی راجہ قمر اسلام اور عمران الیاس نے حکومت پنجاب کی جانب سے محنت کشوں کے بچوں کی تعلیم کے لئے 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے اس موقع پر راجہ قمر الاسلام نے کہا کہ محنت کشوں کی بدولت ملک کی ترقی کا پہیہ چلتا ہے ورکرز کے استحصال کاراستہ ہمیشہ روکیں گے انہوں نے کہا کہ انسانی فلاح و بہبود کا کام کرنے والے لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا یونین کونسل مورگاہ میں بنیادی مرکز صحت کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا آئندہ ماہ سے مورگاہ یونین کونسل موبائل یونٹ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گاتاکہ لوگوں کو نارمل بیماری کا علاج انکی دہلیز پر میسر آ سکے عمران الیاس نے کہا کہ محنت کش ملک پاکستان کے معمار ہیں مزدور طبقہ نے پاکستان کی تعمیر و ترقی ہمیشہ اپنا کلیدی کردار ادا کیا مورگاہ اور جراہی یونین کونسل کے لئے میت بس کی جلد فراہمی یقینی بنائی جائے گی تقریب کے آخر میں محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے راجہ قمر الاسلام کی قیادت میں ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا ادھر راولپنڈی پریس کلب کے باہر آل پاکستان متاثرہ ملازمین ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام ریلی اور جلسہ منعقد کیا گیا جس میں خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے متاثرہ ملازمین کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مندوخیل، آل پاکستان متاثرہ ملازمین ایکشن کمیٹی کے چیئرمین جنید اعوان، صدر محمد یاسین عالمانی، جنرل سیکریٹری عادل خان، خواتین ونگ کی رہنما سنبل عارف سمیت دیگر رہنماؤں کے علاوہ سوئی سدرن گیس کمپنی سندھ بلوچستان اورپاکستان سٹیل ملز سمیت مختلف قومی اداروں کے متاثرہ ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اسی طرح یوم مزدورکی مناسبت سے میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سے لیاقت باغ تک محنت کشوں کی ریلی نکالی گئی ریلی میں مردو خواتین محنت کشوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ریلی میونسپل کارپوریشن اور مری روڈ سے ہوتے ہوئے لیاقت باغ پر ختم ہوئی ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز رکھے تھے حکومت مزدور کی اجرت میں اضافے کا اعلان کرے، مزدوروں کا مطالبہ حکومت مزدور اور محنت کش طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے لیبر قوانین کی پالیسیوں میں اصلاحات کی جائیں حکومت اداروں کی نجکاری کے فیصلے پر نظر ثانی کرے مزدور طبقہ اضافی ٹیکسوں کے باعث گھر کے اخراجات پورے کرنے سے قاصر ہے ادھر راولپنڈی کنتونمنٹ بورڈ کے ڈیلی ویجزملازمین نے کہا کہ آج مزدور کے نام پریومِ مزدورمنایاجارہا ہے لیکن مزدورکے حقوق پوری طرح ادا نہیں کئے جارہے،وفاقی حکومت نے ڈیلی ویجز ملازمین کی کم ازکم تنخواہ 32 ہزار روپے مقرر کی ہوئی ہے جبکہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں ڈیلی ویجز ملازمین کو 25 ہزار روپے تنخواہ دی جارہی ہے جس سے ہزاروں ملازمین کامعاشی نقصان ہورہاہے شہر میں مختلف مقامات پر منعقدہ ریلیوں اور سیمینارز کے شرکا نے کہا کہ آج مزدور تحریک کو کمزور کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں یکے بعد دیگرے پارلیمنٹ پر آج بھی جاگیردار اور سرمایہ دار طبقے کا قبضہ ہے تمام سیاسی جماعتیں اقتدار کی خاطر باہم دست و گریبان ہیں اور عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں جنہیں مزدور، محنت کش اور تنخواہ دار ملازمین سے کوئی دلچسپی نہیں موجودہ حکومت نے تبدیلی کے نام پر محنت کش و تنخواہ دار طبقے پر مشکلات کا پہاڑ گرا دیا ہے عام آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے اور پڑھے لکھے نوجوان بیروزگاری کے ہاتھوں پریشان ہیں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکمرانوں نے محنت کش کارکنوں اور تنخواہ دار ملازمین کی فلاح و بہبود اور عام آدمی کی زندگی کو مشکلات سے نکالنے کیلئے عملی قدم نہ اٹھایا اور سامراجی مالیاتی اداروں کے دباؤ پر مزدور دشمن پالیسیاں جاری رکھیں تو ملک بھر کے لاکھوں مزدور اور عوام سڑکوں پر آجائیں گے اگر صنعت کاروں اور سرمایہ داروں کے نمائندہ حکمرانوں نے محنت کش کارکنوں اور تنخواہ دار ملازمین کی فلاح و بہبود اور عام آدمی کی زندگی کو مشکلات سے نکالنے کیلئے عملی قدم نہ اٹھایا اور سامراجی مالیاتی اداروں کے دباؤ پر مزدور دشمن پالیسیاں جاری رکھیں تو پاکستان میں بھی شکاگو کی تاریخ دہرا دی جائے گی۔
۔۔۔۔۔۔
0 Comments